دہلی کی سرحدوں پر گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے نئے زرعی قوانین کی مخالفت میں احتجاج کر رہے کسانوں کی حمایت کے کے لیے آج ریاست اڑیسہ کے کسان بہار اور اترپردیش کے راستے دہلی جارہے تھے۔ جب کسانوں کا یہ قافلہ کیمور سے گزر رہا تھا تو اسی قافلہ کے ساتھ آر جے ڈی کے تین ارکان اسمبلی بھرت بند، سنگیتا سنگھ اور سدھاکر اور کئی کسان شامل ہوگئے۔
کسانوں اور تینوں ارکان اسمبلی پر مشتمل یہ قافلہ جب یوپی کے سرحد پر پہنچا تو اتر پردیش پولیس نے انہیں روک دیا اور دفعہ 144 کا حوالہ دے کر اتر پردیش میں داخل نہیں ہونے دیا ۔ تاہم پولیس نے اڑیسہ کے کسانوں کو داخل ہونے کی اجازت دے دی ۔
ارکان اسمبلی کے داخلے کی عدم اجازت کے بعد اتر پردیش پولیس اہلکاورں اور ارکان اسمبلی کے درمیان دیر تک بحث و مباحثہ جاری رہا ۔
بہار یوپی سرحد کے قریب اڑیسہ کے کسانوں کے ساتھ آر جے ڈی کے رکن اسمبلی سدھاکر سنگھ کی قیادت میں آر جے ڈی کارکنان نے سڑک پر ہی یوپی پولس کی مخالفت میں نعرہ بازی بھی کی ۔