بہار:بہار حکومت کی سابق وزیر پروین امان اللہ کا دلی میں انتقال ہو گیا ہے، پروین امان اللہ سابق رکن پارلیمنٹ و آئی ایف ایس، سید شہاب الدین کی صاحبزادی اور سابق داخلہ سکریٹری بہار افضل امان اللہ کی اہلیہ تھیں۔ سید شہاب الدین گیا شہر کے نیو کریم گنج کے رہنے والے تھے۔ پروین امان اللہ نے گیا میں ہی ابتدائی تعلیم حاصل کی تھی۔ انکے انتقال کی خبر ملتے ہی گیا میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔
مرحومہ کی ایک بیٹی رحمت اور ایک بیٹا عظمت ہے۔ پروین امان اللہ کی طبیعت گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھی اور وہ ایک مہلک مرض میں مبتلا تھیں۔ علاج کے لیے پروین پٹنہ سے دلی چلی گئی تھیں، علاج کے لئے وہ امریکہ بھی گئی تھیں، جہاں سے وہ صحت یاب ہوکر واپس آئی تھیں لیکن پچھلے دو تین دنوں سے طبیعت بگڑ گئی تھی اور دلی میں زیر علاج تھیں۔
پروین امان اللہ بہار میں نتیش حکومت میں وزیر بھی رہ چکی ہیں۔ پروین امان اللہ' الیکشن واچ ' مہم سے سرخیوں میں آئیں تھیں۔ یہ تنظیم الیکشن میں سدھار اور عوام کو بیدار کرنےکا کام کرتی تھی۔ پروین نے ووٹ کرنے کے لیے عوامی سطح پر بڑی تحریک بہار میں چلائی تھی۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اُنہیں 2010 میں بیگو سرائے ضلع کے صاحب پور کمال اسمبلی حلقہ سے جے ڈی یو کی ٹکٹ دیکر امیدوار بنایا تھا۔ جہاں وہ آر جے ڈی کے شری نارائین یادو کو شکست دیکر بہار اسمبلی کی رکن اسمبلی منتخب ہوئیں تھیں۔