الیکشن کمیشن نے لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے دونوں دھڑوں کوالگ الگ جماعت کے طور پر منظوری دیتے ہوئے پرانا نام اور انتخابی نشان ختم کردیا ہے۔
منگل کے روز کمیشن نے اس سلسلے میں فیصلہ لیتے ہوئے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان کی قیادت والے دھڑے کو ’لوک جن شکتی پارٹی‘ (رام ولاس) جبکہ ان کے چچا اور مرکزی وزیر پشوپتی پارس کو راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کا نام دیا ہے۔ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ سرکاری خط میں بتایا گیا ہے کہ انتخابی نشان کےطور پر مسٹر پاسوان کی پارٹی کو ’ہیلی کاپٹر‘ الاٹ کیا گیا ہے، جبکہ مسٹر پارس کی پارٹی کو ’سلائی مشین‘ انتخابی نشان دیا گیا ہے۔
گذشتہ ہفتے الیکشن کمیشن نے ایل جے پی کے نام اور نشان پر دونوں دھڑوں کے دعوے اور تنازع پر ان کا موقف سنا تھا۔ کمیشن نے ’ایل جے پی‘ کا نام اور ’بنگلہ‘ کا نشان کو ضبط کر کے دونوں دھڑوں کو اپنی اپنی پسند اور ترجیحات بتانے کو کہا تھا۔ دونوں نے پیر کے روز اپنا جواب داخل کرایا۔ اس کے بعد کمیشن نے دونوں دھڑوں کو پارٹی کا نام اور نشان دیا۔