Eid-Ul-Fitr 2023 پٹنہ کے سبزی باغ میں عید سے قبل عطر، لچھا اور ٹوپی کی فروخت میں اضافہ
ماہ صیام اب کچھ وقت کا مہمان ہے۔ دو یا تین دنوں کے بعد یہ مہینہ ہم سے رخصت ہوجائے گا۔ رمضان کے اختتام پرعید کی خوشیاں منائی جاتی ہیں۔ پٹنہ میں عید کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔
پٹنہ: رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اب ہم سے رخصت ہونے والا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بازاروں میں عید کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں، دارالحکومت پٹنہ کا سبزی باغ ان دنوں عید کی خریداروں کے لیے خاص توجہ کا مرکز ہے، شام ہوتے ہی سبزی باغ میں اس قدر بھیڑ ہوتی ہے کہ سڑکوں پر چلنا مشکل ہو رہا ہے۔ سبزی باغ میں عید کو لیکر تمام طرح کی دکانیں سجی ہوئی ہیں۔ یہاں کے بازار میں جہاں لچھا، رنگ برنگی ٹوپیاں،عطر، باقر خانی کی دکانوں پر لوگوں کی بھیڑ دیکھی جا رہی ہے وہیں کپڑوں کی دکانوں پر بھی لوگوں کا ہجوم ہے۔
عید کی خریداری کرنے آئے سعد احمد قاسمی نے بتایا کہ پٹنہ شہر میں سبزی باغ ہی واحد جگہ ہے جہاں کی رونقیں ملک بھر میں مشہور ہے، وہ یہاں ٹوپی کی خریداری کرنے آئے ہیں۔ سبزی باغ کے بازار میں خواتین بھی بڑے پیمانے پر خریداری کرنے نکلتی ہیں، یہاں خواتین کے لیے کئی اہم اسٹال لگائے گئے ہیں جس میں ان کی ضروریات کی چیزیں دستیاب ہیں. فرحین بتاتی ہیں کہ ایک مہینے کے روزہ کے بدلے اللہ نے عید کی خوشیاں انعام کے طور پر دی ہے، اسے سبھی کو مل کر منانی چاہیے۔
سبزی باغ میں خاص طور سے مختلف کوالٹی کے لچھا اور سیوئی کی دکانیں ہیں، حالانکہ گزشتہ سال کے بنسبت امسال لچھا سیوئی مہنگی ہے، باوجود اس کے لوگوں کی خریداری میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ ڈاکٹر انوار الہدی کہتے ہیں بغیر لچھا سیوئی کے عید ممکن ہی نہیں۔
وہیں سبزی باغ کے کئی دکانوں پر بہترین خوشبو سے لبریز مختلف اقسام کے عطر اور پرفیوم فروخت ہو رہے ہیں۔ مشک، عنبر، عود، مجموعہ 96 وغیرہ خوشبو کا زیادہ مطالبہ ہے۔
مزید پڑھیں:Mufti Moinuddin Qasmi عید کی نماز سے قبل صدقہ فطر ادا کریں: مفتی معین الدین قاسمی
لچھا اور ٹوپی فروخت کرنے والے دکانداروں کے مطابق پہلے کے مقابلے سامان کی قیمتوں میں اضافہ ضرور ہوا ہے، مگر اس سے سامان کے فروخت پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے، عید کے مدنظر لوگ شوق و ذوق سے گھروں سے باہر خریداری کے لیے نکل رہے ہیں۔ عید کی خریداری میں مصروف لوگوں کے حفاظتی نقطہ نظر سے پولس اہلکاروں کی بھی گشتی ہو رہی ہے تاکہ عید کی خوشی کے موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ جائے، حالانکہ ابھی عید میں ابھی چند روز بچے ہیں ایسے میں امید ہے بازاروں میں لوگوں کی بھیڑ اور بھی بڑھے گی۔