گیا:بہار کے ضلع گیا میں عید الاضحیٰ کے دوسرے دن بھی پرامن ماحول میں قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔ 29 جون کی صبح بعد نماز فجر سے قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ اس دوران آج بھی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ ضلع میں تین دنوں کے لیے مخصوص مقامات پر پولیس جوانوں کی تعیناتی کی گئی تھی۔ میونسپل کارپوریشن کے صفائی اہلکار اپنی گاڑیوں کے ساتھ مسلم محلوں میں موجود ہیں اور جانوروں کے باقیات کو اٹھانے میں مصروف ہیں۔
ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن نے بتایا کہ دوسرے دن بھی کارپوریشن کو صفائی کا خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع میں قربانی سے متعلق کہیں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ سبھی جگہوں ماحول پرامن ہے۔ چونکہ آج جمعہ کا دن ہے اور جمعہ کی نماز کے پیش نظر آج مسجدوں کے باہر بھی پولیس کی تعیناتی ہوگی تاکہ پرامن ماحول میں نماز ادا کی جائے۔