بہار میں ضلع گیا کے نوجوانوں میں اسپورٹس کے تئیں کافی دلچسپی ہے، تاہم یہاں کھیل کے میدان میں انفراسٹرکچر کی کمی کے باعث بھی کھلاڑی اپنی کارکردگی کو نکھارنے کے لیے مسلسل جدوجہد کررہے ہیں۔ خاص کرکے ویسی لڑکیاں جو مختلف کھیلوں کی بہترین کھلاڑی ہیں۔ لیکن پریکٹس کے لیے گراؤنڈ اور وسائل کی دستیابی نہیں ہونے کی وجہ سے ان کے کھیل پر برے اثرات پڑرہے ہیں۔
وہیں کھیلوں کے تئیں کھلاڑیوں میں دلچسپی کو دیکھتے ہوئے، محدود وسائل کے ساتھ ضلع کھیل افسر شمیم انصاری کھلاڑیوں کی پریکٹس اور ان کے کھیل میں نکھار پیدا کرنے کی لگاتار کوشش کررہے ہیں۔
گیا شہر میں تیر اندازی کرنے والی لڑکیوں کے لیے کوئی میدان نہیں ہے، جس کو دیکھتے ہوئے ضلع کھیل افسر شمیم انصاری نے اپنے دفتر کے احاطے کو ان کھلاڑیوں کو تیراندازی کے لیے سونپ دی ہے، تاکہ وہ بلاجھجھک یہاں گھنٹوں تیر اندازی کی پریکٹس کرسکیں اور ریاستی سطح کے ٹورنامنٹ میں حصہ لے سکیں۔