گیا: ریاست بہار کے شہر گیا میں واقع مرزا غالب کالج کے سیمینار ہال میں آج ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مگدھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ششی پرتاپ شاہی شامل ہوئے۔ کالج کی جانب سے وائس چانسلر کا والہانہ خیر مقدم کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت کالج کے سکریٹری شبیع عارفین شمسی نے کی اور موثر اور کامیاب نظامت کالج کے پولیٹیکل سائنس کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مدھوبالا نے کیا۔
اس موقع پر مگدھ یونیورسٹی کے ایڈیشنل رجسٹرار پروفیسر دیپک کمار، پروفیسر انچارج ڈاکٹر شجاعت علی خان اور جی بی 'گورننگ باڈی ' کے دیگر ممبران سمیت کالج کے عملہ اور طلباء موجود رہے۔ اس دوران مگدھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کو کالج کی طرف سے گلدستہ اور دوسرے تحائف دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر انجم مانپوری کی شاعری پڑھی گئی اور ڈاکٹر ضیاء الرحمن جعفری کا استقبالیہ پیغام پڑھا گیا۔ جس کو سامعین نے خوب سراہا۔
اس پروگرام میں اپنی بات رکھتے ہوئے کالج کے انچارج پرنسپل ڈاکٹر شجاعت علی خان نے کالج کی ترقی کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے وائس چانسلر کے کاموں کو بھی سراہا۔ وہیں وائس چانسلر پروفیسر ششی پرتاپ شاہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرزا غالب کالج کا کام اس کے نام سے بڑا ہے۔ اپنی قابلیت کی وجہ سے آج یہ کالج نہ صرف ریاست بہار بلکہ پورے ہندوستان میں پہچانا جاتا ہے سب سے بڑی بات یہ ہے کہ یہ کالج ایک سسٹم پر چل کر آگے بڑھ رہا ہے۔