ریاستی حکومت نے بہار کے غریب مسلمانوں کو مالی طور پر مستحکم کرنے کے لیے وزیراعلی اقلیتی روزگار قرض منصوبہ کے تحت مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کو روزگار کے لیے قرض فراہم کرنے کا پروگرام بنایا ہے جو گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہے۔
اس منصوبہ کے تحت پانچ فیصد سالانہ شرح کے آسان سود پر پانچ برسوں کے لیے پچاس ہزار سے پانچ لاکھ تک کا قرض مہیا کرایا جاتا ہے جس کے بعد حکومت بہت آسان قسطوں پر پانچ برسوں میں قرض کی رقم کو واپس لیتی ہے۔
وزیراعلی اقلیتی روزگار قرض منصوبہ کے تحت قرض دینے کے لیے حکومت نے پیچیدہ شرط رکھی تھی لیکن اب ان شرائط میں ترمیم کرتے ہوئے آسانیاں فراہم کی گئی ہیں۔
اس سے قبل قرض کے خواہشمند کو ضمانت کے طور پر سرکاری، نیم سرکاری، انکم ٹیکس ادا کرنے والے یا مکان کے کاغذات رہن کی ضرورت پیش آتی تھی اب حکومت نے قرض کی رقم کے برابر املاک کے رہن کی سہولت مہیا کرا دی ہے۔