گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کے ڈی ایم کے جنتادربار میں جمعہ کو بھی درجنوں درخواست گزار متعدد مسائل لیکر پہنچے اس میں کچھ ایسے بھی درخواست گزار تھے جو متعدد مرتبہ شکایت کرچکے ہیں ، بدرو عالم نے بتایا کہ وہ اس سے پہلے بھی ڈی ایم کے جنتادربار میں پہنچے تھے تاہم مسائل کا حل نہیں نکلا بلکہ جن افسران کو ڈی ایم نے ہدایت دی تھی وہ بھی سننے کو تیار نہیں ہیں ، ڈی ایم تیاگ راجن نے اس وقت متعلقہ افسران کو شکایت کا فوری طور پر ازالہ کرنے کی ہدایت دی تھی تاہم ڈی ایم کی ہدایت کے باوجود افسران نے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا، جمعہ کو دوبارہ جنتادربار میں پہنچنے پر ڈی ایم نے متعلقہ افسران کو جم کر پھٹکار لگائی اور کہاکہ اس طرح کی شکایت اگر دوبارہ ملتی ہے توانکی طرف سے محکمہ جاتی کاروائی یقینی طور پر ہوگی ۔ DM Janta Darbar In Gaya
ڈی ایم نے جنتادربار میں آئے درخواست گزاروں کے معاملات اور مسائل کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے، متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد انکوائری رپورٹ دستیاب کرائیں۔ درخواست گزاروں کی شکایت سننے کے بعد ضلع مجسٹریٹ نے ضلع کے سینئر افسران جیسے ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر، ایڈیشنل کلکٹر، سب ڈویژنل افسر، متعلقہ بلاک اور ضلع سطح کے افسران کو نامزد کرکے ان کے ذریعہ معاملے کی جانچ کرنے کی ذمہ داری بھی دی ہے۔ DM Janta Darbar In Gaya