گیا: ریاست بہار کے گیا ضلع میں آئی سی ڈی ایس، محکمہ صحت اور یونیسیف کی مشترکہ سرپرستی میں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔مذکورہ ورکشاپ کا افتتاح گیا کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم نے شمع روشن کر کیا۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد صحت اور آئی سی ڈی ایس "انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز" کی ٹیم کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنا اور مستحقین تک تمام خدمات کے بہتر فوائد پہنچانا تھا۔ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایم تیاگ راجن نے کہا کہ وہ اپنی سطح سے مستحقین کو تمام خدمات کے فوائد کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ خاص طور پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹی ایچ آر،بال تحفظ منصوبہ سمیت دیگر منصوبے وغیرہ کے فوائد تمام اہل استفادہ کنندگان کو بروقت اور درست طریقے سے دیں۔خواتین میں خون کی کمی اور بچوں میں پائی جانے والی معذوری کو دور کرنے پر توجہ دے کر کام کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہاکہ ان سب بیماریوں کو بروقت علاج سے بہتر کیا جا سکتا ہے۔اس کے ساتھ حاملہ خواتین کے لیے مختلف کیمپ لگا کر آگاہی پیدا کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ معلومات کی کمی کے باعث نوزائیدہ بچوں کو پیدائشی خرابی سے بچایا جا سکے۔ ضلع مجسٹریٹ نے شرون شروتی اور ونڈر ایپ کے تحت آئی سی ڈی ایس اور محکمہ صحت کی طرف سے کیے گئے کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور ساتھ ہی اس کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دی۔
ان کا کہنا ہے کہ شرون شروتی پروجیکٹ کے تحت اب تک 33 ہزار بچوں کی اسکریننگ کی جا چکی ہے جس میں تین سو بچے سماعت سے محروم پائے گئے تو ان کا اچھے ہسپتالوں میں علاج کرایا گیا۔آج ان کی سماعت بہتر ہوئی ہے۔مئی کے مہینے تک ضلع میں ایک لاکھ بچوں کی اسکریننگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر کی جانب سے دیگر معذوروں اور پیچیدہ امراض کے لیے خصوصی کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ صحت اور آئی سی ڈی ایس مل کر بہت سے کام بہتر طریقے سے کر سکتے ہیں۔ضلع کو ایک مثال کے طور پر قائم کیا جا سکتا ہے۔