گیا:ریاست بہار کے عازمین حج کی پرواز کے تعلق سے گیا ہوائی اڈہ پر تعینات سرکاری اہلکاروں اور پولیس جوانوں کو آج ڈی ایم اور ایس ایس پی نے مشترکہ بریفنگ دی یہاں انتظامات کا بھی ڈی ایم اور ایس ایس پی نے جائزہ لیا، ہوائی اڈہ پر سبھی تیاریاں ہو چکی ہیں۔ پنڈال بھی بن کر تیار ہو گیا ہے جو کام باقی ہے۔ وہ چھ جون منگل کو شام سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا۔
بریفنگ کے دوران ڈی ایم تیاگ راجن نے کہاکہ ننانوے فیصد کام اور انتظامات ہوچکے ہیں منگل کی شام سے پہلے سبھی کام پورے کر لیے جائیں گے کیوں کہ رات میں ہی عازمین حج کا قافلہ پہنچ جائے گا۔ اُنہوں نے جائزہ اور بریفنگ کے دوران نوڈل افسر حج جیتندر کمار سے کہا کہ چونکہ بہار اور ضلع گیا کا موسم تلخ ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق ابھی بارہ جون تک اسی طرح کا معاملہ ہوگا اور شدید گرمی ولہر ہوگی اس لیے ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے بھی معقول نظم ہو، عارضی ہیلتھ کیمپ میں بھی لہر متاثرین کے لیے ضروری دوا رکھی گئی ہے۔
ڈی ایم نے کہا کہ منگل کی دوپہر بعد وہ حتمی جائزہ لیں گے جب کہ اس موقعہ پر ایس ایس پی آشیش بھارتی نے کہا کہ بہت ہی مقدس آپریشن ہے اور ہمارے لیے خوش قسمتی ہے کہ عازمین حج کی خدمت کا موقع ملا، سکیورٹی کا مکمل انتظام ہوگا، ٹریفک کا نظام بھی بہتر ڈھنگ سے ہوگا ، حساس مقامات پر پولیس اہلکار مستعد رہیں گے، کہیں سے ناخوشگوار واقعہ نہ ہو اس کا خیال رکھا جارہا ہے، ضلع سرحد سے عازمین حج کے قافلے کو اسکوڈ کیا جائے گا، ڈیوٹی پر وقت سے پہلے سبھی آئیں اور خاص کر پولیس کے جوان کی سب سے بڑی ذمے داری ہے کہ وہ پرامن طریقے سے آپریشن کو انجام دیں۔
گیا امبارکیشن پر یہ ہوں گے انتظامات
گیا امبارکیشن کے ہوائی اڈہ کے باہر رہائش گاہ ، نماز گاہ ، کھانے اور پینے کے صاف اور ٹھنڈا پانی کا انتظام ، بیت الخلا ، غسل خانہ ، صفائی، میڈیکل کیمپ، کنٹرول روم اور می آئی ہیلپ یو کاؤنٹر ، سیکورٹی ، ٹریفک ، پارکنگ ، فائر فائٹنگ گاڑیاں اور پانی کی نکاسی کا انتظامات ہونگے عازمین حج کی سہولت اور رہائش کے لیے 11200 مربع فٹ کا واٹر پروف جرمن پنڈال بنایا گیا ہے جس میں 5600 مربع فٹ رقبہ مردوں کے لیے اور 1250 مربع فٹ خواتین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔