بہار کے ضلع گیا میں رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ کے دوران مسلمانوں کی جانب سے بے شمار کار خیر انجام دیے جارہے ہیں۔ رمضان المبارک میں مسلمان نیک اعمال کے ساتھ ساتھ زکوٰۃ جیسے اہم فرض کو بھی انجام دیتے ہیں۔ کیونکہ زکوٰۃ اسلام کا ایک اہم رکن اور فریضہ ہے جس کو ادا کرنا ہر مالک نصاب پر فرض ہے۔ زکوٰۃ کی اہمیت و افادیت پر علماء کرام کی جانب سے بھی روشنی ڈالی جارہی ہے۔
جمیعت علما ضلع گیا کے جنرل سیکرٹری و مدرسہ ترتیل القرآن کے ناظم اعلی مولانا عظمت اللہ ندوی نے کہا کہ ہر فرض کو خوش دلی اور پوری ایمانداری و خلوص سے ادا کرنا چاہیے، کیونکہ فرض کی ادائیگی میں ذرا سی کوتاہی پر بھی پکڑ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خلوص نیت کے ساتھ زکوٰۃ نکالنا چاہیے اور مستحقین میں خرچ کرنا چاہئے۔
مولانا عظمت اللہ ندوی نے کہا کہ چونکہ اس وقت مدارس اسلامیہ کو زیادہ مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے ان پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔ حالانکہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ زکوٰۃ ادا کرنے والے لینے والوں کی دل شکنی اور بے عزتی کرتے ہیں جو زکوۃ کی اصل روح کے مغائر ہے۔ مولانا عظمت اللہ ندوی نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے کہ رمضان المبارک میں مستحقین تک رقم خود سے پہنچائی جائے اور مدارس میں جاکر رقم دیں۔