گیا میں حج 2022 کے سفر کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ تاہم اس دوران حج رضاکاروں کے درمیان مایوسی ہے کہ اس مرتبہ ضلع گیا سے ریاست کے عازمین حج کی پرواز نہیں ہوگی کیونکہ اس مرتبہ بہار کے گیا امبارکیشن پوائنٹ کو ختم کر دیا گیا ہے اور سبھی عازمین حج کی پرواز اور واپسی کلکتہ سے ہوگی حالانکہ بقیہ نظام جس طرح سے ضلع سے انجام پاتے ہیں وہ سبھی ہوں گے۔ Flight from Kolkata instead of Gaya
ریاستی حج کمیٹی کے مطابق یہ معاملہ سنہ 2020 سے ہونے والا تھا کیونکہ اقلیتی امور مرکزی وزارت نے ملک کے نو امبارکیشن پوائنٹ کو ختم کرنے کی تجویز پر مہر لگائی تھی تاہم 2020 میں اس پر عمل نہیں ہوا کیونکہ کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے حج منسوخ کر دیا گیا تھا اور یہی معاملہ 2021 میں بھی رہا تاہم اس مرتبہ حج کے سفر کی اجازت کے ساتھ امبارکیشن پوائنٹ کو بھی ختم کر دیا گیا جس کی وجہ سے گیا کے رضاکاروں میں مایوسی ہے۔ اس حوالے سے گیا رضاکار حج کمیٹی کے کوڈینیٹر عبدالمقسط کریمی نے کہا کہ مایوسی تو ہے کیونکہ رضاکار یہاں دو ماہ مسلسل حاجیوں کی خدمت میں رضاکارانہ طور پر رہتے تھے یہاں تک کہ حاجیوں کا ناشتہ، کھانا اور دوسرے سامان کے انتظامات کرتے تھے۔ یہاں تین سو سے زیادہ مستقل رضاکار ہوتے تھے اور وہ عید کے بعد سے اپنی تربیت میں لگ جاتے تھے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ اگلے برس کم از کم گیا امبارکیشن پوائنٹ کے آپریشن کو بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ حاجیوں کو بھی کافی پریشانیوں کا سامنا ہوگا کیونکہ انہیں کلکتہ جانے اور آنے میں پریشانی ہے کیوں کہ یہاں رضاکار بڑی خدمت کیا کرتے تھے۔