ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں آج امارت شرعیہ کے نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کے آٹھویں امیر شریعت کے انتخاب کی تاریخ کے حوالے سے عوام میں پیدا ہوئی غلط فہمیوں پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک انتخابات کے حوالے سے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔
دراصل گزشتہ دنوں مجلس شوریٰ کے چند اراکین کی جانب سے امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کےامیر کے انتخاب کی تاریخ کا اعلان دس اکتوبر کیے جانے کے بعد سے عوام میں تشویش تھی کہ کیا یہ اعلان امارت شرعیہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ اسی ضمن میں نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے واضح طور پر کہا کہ امارت شرعیہ کی جانب سے ابھی کسی طرح کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ مجلس شوریٰ کے چند لوگوں کی جانب سے ایسا اعلان کیا گیا تھا، حالانکہ انہیں ایسا کرنے سے بچنا چاہیے جس سے ملت میں بے چینی پیدا ہو۔ اس طرح کا عمل کسی بھی طرح سے صحیح نہیں ہے۔ صرف امارت شرعیہ کے پاس امیر شریعت کا انتخاب کروانے اور اس کے لئے میٹنگ بلوانے کا حق ہے۔