گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں محکمہ ڈاک کی جانب سے مقامی سطح پر پارسل ایجنٹ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کے لیے براہ ِراست گیا محکمہ ڈاک ایجنٹ بحال کرے گا۔ اس کے بعد ایجنٹ کا کوڈ جنریٹ ہوگا۔اسے پارسل بھیجنے کی منظوری دی جائے گی۔ اس کے لیے دو زمروں کے ایجنٹ بحال ہونگے اور انکا کوڈ جاری ہوگا جن میں ایک ایجنٹ کوڈ ملکی سطح پر سامانوں کے پارسل کے لیے ہوگا جبکہ دوسرا کوڈ بیرون ملک میں پارسل کرنے کے لیے ہوگا۔
گیا محکمہ ڈاک کی جانب سے پندرہ جنوری تک درخواست دینے کا موقع دیا گیا ہے ، ایجنٹ بننے کے لئے اس میں صرف تعلیمی لیاقت کے تعلق سے جانکاری دینے کے ساتھ ادھار نمبر دینا ہوگا ، اقلیتی بے روزگار نوجوان محکمہ ڈاک کی اس وکینسی میں شامل ہوکر آمدنی کے اپنے ذرائع کو بڑھاسکتے ہیں۔ اس بحالی میں محکمہ ڈاک کی جانب سے تنخواہ نہیں دی جاتی ہے بلکہ اس میں کمیشن کی گنجائش ہوتی ہے۔
اس حوالہ سے گیا ڈیویژن محکمہ ڈاک کے سپرٹنڈنٹ راس بہاری نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اس ویکنسی کو پڑھے لکھے بے روزگار لوگوں کے لیے ایک سنہری موقع قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ بہار اور گیا ضلع کے کئی اقسام کے پروڈکٹس ہیں جنکی مانگ بیرون ممالک تک ہے۔اُن پروڈکٹس کے تاجر ، مینوفیکچرر اپنے سامانوں کی سپلائی چھوٹے پیمانے پر ڈاک اور دیگر کورئیر کمپنیوں سے پارسل کراتے ہیں ، ایک بڑی تعداد عام لوگوں کی بھی ہےجو اپنے رشتے دار، دوست واحباب کو ماہانہ کچھ تحائف ، کھانے پینے کی اشیاء جیسے تلکٹ ، انرسہ ، باقر خانی کے علاوہ پہننے کے کپڑے ، کتاب ،پھل اور دوسرے سامان بھیجتے ہیں ، عام لوگوں کی بڑی تعداد کا اعتماد محکمہ ڈاک پر ہےاور وہ ڈاک گھروں کو پہنچ کر سامانوں کو پارسل کراتے بھی ہیں تاہم وقت کی کمی اور مصروفیت کی وجہ سے انہیں پریشانی ہوتی ہے ، اگر اُن لوگوں تک محکمہ ڈاک کے ایجنٹ پہنچیں اور وہ اپنے علاقے کے لوگوں کے سامانوں کو پارسل کرائیں تو انکی اچھی آمدنی ہوسکتی ہے اور لوگوں کو بھی آسانی ہوگی