گیا: بہار میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی کشمیر کے گرم کپڑے کے تاجروں کی آمد ہوجاتی ہے ، نومبر سے فروری کے پہلے ہفتے تک یہ تاجر بہار کے مختلف اضلاع بالخصوص ضلع گیا میں گرم کپڑوں کو فروخت کرتے ہیں اور انکی تجارت کی جگہ کوئی مخصوص علاقہ نہیں ہے، بلکہ زیادہ تر کشمیری نوجوان رکشہ ٹھیلہ آٹو اور دیگر گاڑیوں کے سہارے گاوں دیہات تک رسائی کرتے ہیں ۔ جبکہ کچھ جگہوں پر موسم سرما کے موقع پر سرکاری و غیر سرکاری لگنے والے میلوں میں بھی انکے اسٹال کھلتے ہیں ، چونکہ کشمیر کے گرم ملبوسات کے تعلق سے کہاجاتا ہے کہ سردی کے موسم کے لحاظ سے یہ سب سے اچھے ہوتے ہیں اور وہاں کی مینس ڈگری کے مطابق یہ گرم کپڑے تیار ہوتے ہیں اس وجہ سے یہاں بہار کے باشندوں کو کشمیر کے گرم کپڑے پسند آتے ہیں۔
ضلع گیا میں درجہ حرارت 2 سے 5 ڈگری تک ہوجاتا ہے، اس وجہ سے یہاں بھی سردی کا احساس زبردست ہوتا ہے۔ عام طور پر کشمیر کے دیہی علاقوں میں تیار کردہ ملبوسات کی تجارت کی غرض سے وہ یہاں آتے ہیں ۔خیال رہے کہ کشمیری شال ، موزے ، سوٹ اور دیگر گرم کپڑے یہاں ہرکسی کی پسندیدہ شے ہے، کیونکہ کشمیری کپڑوں میں غیر معمولی ڈیزائن ، رنگین پھولوں کی کڑھائی کندہ ہوتی ہیں جوکہ روایتی طرز کی کاری گری کی عکاس ہوتی ہے۔