گیا: گیا ضلع انجمن محافظ اُردو کمیٹی نے کہا ہے کہ ضلع کے سرکاری اردو اسکولوں کی حالت نا گفتہ بہ ہے۔ ضلع محکمہ تعلیم کے افسران توجہ مرکوز کریں اور جہاں اساتذہ کی کمی ہے وہاں اساتذہ اور جہاں طلباء کا داخلہ نہیں ہے وہاں طلباء کے داخلہ کو یقینی بنایا جائے۔ ضلع گیا میں واقع اُردو اسکولوں کی حالات سدھار نے کا مطالبہ برسوں پرانا ہے، محکمہ تعلیم کی جانب سے چلنے والے کئی اُردو پرائمری اسکول ہیں جو اپنے قیام کے جگہ سے منتقل کردیے گئے ہیں، ان اسکولوں کی خود کی عمارت نہیں ہونے کی وجہ سے اُنہیں دوسرے اسکولوں کی عمارت میں منتقل کیا گیا۔
اس میں قابل غور بات یہ کہ کئی ایسے اسکول ہیں جنہیں اس جگہ پر منتقل کردیا گیا جہاں پر غیر اُردو آبادی ہے، امام گنج کے درزی بگہا کے اردو پرائمری اسکول کو قائم ہوئے برسوں کا وقت گزر چکا ہے، لیکن آج تک اس کی خود کی عمارت نہیں ہے، یہ گاؤں پسماندہ ہے۔ یہاں نجی اسکول بھی نہیں ہے۔ بچوں کو پڑھنے کا ایک سہارا اردو پرائمری اسکول ہے، لیکن عمارت نہیں ہونے کی وجہ سے بچوں کو کافی پریشانی ہوتی ہے۔