کسی سڑک حادثے میں مر رہے لوگوں کو بچانے کی جگہ انسان اگر شراب لوٹنے پر آمادہ ہو تو اسے انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ ضرور کہا جائے گا، ایسا ہی ایک واقعہ ارریہ میں پیش آیا جہاں دیر شب جوکی ہاٹ - ارریہ قومی شاہراہ سے متصل بوریا پل کے پاس شراب سے لدی اسکارپیو گاڑی نے موٹر سائیکل کو زبردست ٹکر مار دی جس میں جائے وقوع پر ہی دو لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ ایک خاتون اپنی زندگی کے لئے تڑپتی رہی، اور گاڑی ڈرائیور وہاں سے فرار ہو گیا۔
موٹرسائیکل پر سوار رحیم اپنی والدہ رحمتی اور پڑوس کی ایک خاتون کو ایک ہی موٹرسائیکل پر لے کر لڑکی دیکھنے ارریہ آئے تھے، لوٹنے کے دوران جوکی ہاٹ کی طرف سے انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ آ رہی اسکارپیو گاڑی نے بوریا پل کے پاس موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، اس زوردار ٹکر میں رحیم و اس کی والدہ جائے وقوع پر ہی فوت ہوگئیں جبکہ دوسری خاتون بی بی خدیجہ وہیں پر تڑپ رہی تھیں۔
گاڑی میں زوردار ٹکر کی آواز سن کر اردگرد کے لوگ وہاں پر کافی تعداد میں جمع ہوگئے، مگر جیسے ہی انہیں بھنک لگی کہ گاڑی میں شراب ہے تو لوگ تڑپ رہی خاتون کو بچانے کے بجائے شراب لوٹنے میں لگ گئے۔