بھاگلپور: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سید شاہنواز حسین نے بہار کی عظیم اتحاد حکومت پر بے سمت سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ جمعرات کو یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر حسین نے کہا کہ عظیم اتحاد کی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ حکومت صرف چند دنوں کی ہے۔عظیم اتحاد کے لوگ مایوس ہو چکے ہیں اور ہر معاملے میں یہ لوگ ” مہابوکس“کی سیاست کر رہے ہیں۔ ریاست کے عوام سب کچھ سمجھ رہے ہیں۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بچے ریاست کے سرکاری اسکولوں میں پڑھیں۔ا سکولوں میں کلاس رومز ہیں تو اساتذہ نہیں ۔ بچے زمین پر بیٹھتے ہیں۔ فرنیچر کا کوئی انتظام نہیں ہے لیکن نیتا جی کرسی پر ضرور دکھائی دیتے ہیں۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ تعلیمی نظام صرف تغلقی فرمان سے بہتر نہیں ہوگا۔ سرکاری تعطیلات میں کمی کی جا رہی ہے۔ اساتذہ کو صرف پڑھانے کا کام دیا جائے۔ لیکن ریاستی حکومت اساتذہ کو بندھوا مزدور بنا کر تمام کام کروا رہی ہے۔ یہاں تک کہ اساتذہ کی احتجاجی آواز کو دبانے کا کام بھی کیا جا رہا ہے۔