ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم نے بتایا کہ دربھنگہ-سمستی پور اسٹیٹ ہائی وے نمبر۔50 پر ڈیلاہی، رکسی پل اور اس کے علاوہ رکسی پل سے بشن پور کے درمیان کئی مقامات پر سیلاب کا پانی تیز رفتار سے قریب ڈیڑھ سے دوفٹ تک سڑک پر بہہ رہا ہے۔
سڑک تعمیرات ڈویژن ( دربھنگہ ) کے ایکزیکٹیو انجینئر پون کمار سنگھ نے افسران کے ساتھ دربھنگہ-سمستی پور شاہراہ کا آج معائنہ کیا اور بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر روک لگانے کی سفارش کی۔ جس کے بعد اس سڑک پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت آئندہ حکم تک بند کردی گئی ہے۔
ڈاکٹر تیاگ راجن نے بتایا احتیاط کے طور پر سڑک پر ایک پولیس اہلکار کو تعینات کر دیا گیا ہے اور حالات کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے ۔ سمستی پور کے ضلع مجسٹریٹ کو بھی خط لکھ کر اس سڑک پر سمستی پور کی جانب سے بھاری گاڑیوں کی آمد ورفت پوری طرح سے بند کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
وہیں دربھنگہ-جے نگر نیشنل ہائی وے نمبر 527 ( بی ) پر بھی کیوٹی تھانہ علاقہ میں کئی جگہوں پر سیلاب کا پانی سڑک پر بہہ رہا ہے۔ کھرما گاﺅں کے نزدیک قریب چار سوفٹ کی دوری میں سڑک پر ڈیڑھ سے دو فٹ سیلاب کا پانی بہہ رہا ہے۔ ندیوں کی سطح آب میں اگر مزید اضافہ ہوا تو جلد ہی یہ دونوں اہم شاہراہ عام لوگوں اور گاڑیوں کے لئے بھی بند ہوجائے گی۔ این ایچ آئی کی جانب سے ایک شخص کو تعینات کر دیا گیا ہے۔