دربھنگہ جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ معطل - bihar
بہار کے دربھنگہ ڈویژنل جیل کے اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ این کے پربھات کو فرائض میں لاپروائی برتنے اور سینیئر افسر کے ساتھ بد سلوکی کرنے کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ سندیپ کمار نے بتایا کہ 'اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ پر بدسلوکی کرنے اور فرائض میں لاپروائی برتنے کی وجہ سے انہیں معطل کیا گیا۔'
انہوں نے بتایا کہ 'اس کی اطلاع جیل انسپکٹر جنرل اصلاح کو بھی بھیج دی گئی ہے۔'
ڈویژنل جیل کا احاطہ انتہائی حساس ہوتا ہے، جس کو لے کر سکیورٹی وجوہات سے اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ کو 24 گھنٹے کے اندر احاطہ بھی خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ نرمل کمار پربھات سے معطلی سے متعلق پوچھے جانے پر بتایا کہ 'جیل سپرنٹنڈنٹ سندیپ کمار کے رویہ سے پریشان ہوکر اپنے ریٹائرمنٹ سے قبل ہی استعفیٰ دے دیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ بدنیتی اور تعصب کی بنا پر ان کے ساتھ ہمیشہ بد سلوکی کرتے تھے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فضائیہ کی نوکری سے 2008 میں سبکدوش ہونے کے بعد وہ اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ کے عہدہ پر اپنی خدمات انجام دے رہے تھے ۔ ہیپا ٹائٹس کا شکار ہونے کے باوجود جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعہ پریشان کئے جانے سے میری جان جا سکتی ہے اسی وجہ سے نوکری سے استعفیٰ دیا ہے۔ استعفیٰ نامہ میں مسٹر پربھات نے جیل سپرنٹنڈنٹ پر گالی گلوج کرنے کے ساتھ ہی بار بار معطل کرنے کی دھمکی دینے کا بھی الزام عائد کیا ہے ۔