دربھنگہ: بہار کے دربھنگہ میں کانگریس رہننما کے قتل کے 14 دنوں بعد ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت پر قبر کھود کر ان کی لاش نکالی گئی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجی گئی۔ ضلع میں گذشتہ دنوں کانگریس اقلیتی سیل کے ضلع صدر ضیاء الرحمن عرف ببن کے قتل کا معمہ مزید پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔ گھر والوں کی درخواست پر متوفی کانگریس لیڈر کی لاش کو 14 دنوں کے بعد دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لئے قبر سے نکالی گئی۔ دراصل لواحقین پرانی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے مطمئن نہیں ہیں۔ انہوں نے ڈی ایم سے دوبارہ پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست کی تھی۔ Darbhanga Magistrate Order To Second Autopsy Of Congress Leader
ضلع مجسٹریٹ نے مقتول کے گھروالوں کے مطالبے پر غور کرتے ہوئے لاش کی دوبارہ پوسٹ مارٹم کرانے کی ہدایت دی۔ ان کی ہدایت پر ہی مقتول کی دوبارہ پوسٹ مارٹم کرائی گئی۔ محمد کیش نے بتایا کہ مقتول ضیاء الرحمان عرف ببن کو پیٹھ میں گولی لگی تھی۔ ہمارے بار بار کہنے کے باوجود پولیس اس بات سے انکار کر رہی تھی کہ فائرنگ ہوئی ہے۔ تاہم تینوں ملزمان کو ریمانڈ پر لینے کے بعد پولیس نے ایک پستول اور کھوکھے بھی برآمد کر لیے ہیں۔ لیکن پوسٹ مارٹم میں اس کا کہیں ذکر نہیں ہے۔ اسی لئے ہم نے ڈی ایم سے لاش کو دوبارہ پوسٹ مارٹم کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔