ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے دربھنگہ ایئر پورٹ کو بین الاقوامی ایئر پورٹ بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مرکزی حکومت سے یہاں سے پروازوں کی تعداد بڑھائے جانے اور دیگر کمپنیوں کو بھی فضائی سروس شروع کرنے کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔
نتیش کمار کی جانب سے شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری کو اس سے متعلق لکھے خط کو بدھ کو میڈیا سے شیئر کیا گیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ دربھنگہ ایئر پورٹ کو ایک بین الاقوامی ایئر پورٹ ( کارگو سمیت ) کے طور پر فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے ایئر پورٹ کی توسیع کے ساتھ ساتھ یہاں رات میں بھی طیاروں کی آمدورفت کی سہولیات دستیاب کرانے اور سردی کے موسم میں دھند کے مسائل سے نجات دلانے کیلئے ضروری آلات نصب کرنے کی بھی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے خط میں کہا ہے کہ ہوائی مسافروں کی بڑھتے مطالبات کے مد نظر یہاں سے پروازوں کی تعداد بڑھانے اور فضائی کمپنیوں کی خدمات کو دربھنگہ ہوائی اڈہ سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دربھنگہ کا ملک کے مزید کچھ اہم شہروں سے ربط قائم کرنے کیلئے راست فضائی سروس دستیاب کرانے کی ضرورت ہے۔
کمار نے خط میں کہا ہے کہ دربھنگہ ایئر پورٹ کا نام شاعر کوکل و دیاپتی کے نام پر رکھنے کی تجویز زیر التوا ہے۔ دربھنگہ میں 24 دسمبر 2018 کو ایئر پو رٹ کے سنگ بنیاد پروگرام کے دوران انہوں نے اس کا نام 'ودیاپتی ایئر پورٹ' کرنے کی تجویز دی تھی اور پروگرام میں موجود اس وقت کے شہری ہوابازی کے وزیر سریش پربھو نے اس پر اپنی رضامندی ظاہر کی تھی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ 'ودیاپتی صرف شاعر ہی نہیں تھے وہ بہار اور متھلا کے لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں۔ متھلا کے باشندوں کے ساتھ ساتھ میرا بھی جذبہ ہے کہ دربھنگہ ایئر پورٹ کو ودیاپتی ایئر پورٹ کے نام سے موسوم کیاجائے۔
کمار نے کہا کہ مسافروں کی سہولیات کے مد نظر یہاں مستقل ٹرمینل بلڈنگ کی تعمیر کیلئے ایئر فورس کی نشان زد زمین کو دربھنگہ ایئر پورٹ کو بلا تاخیر منتقل کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی سطح سے مناسب کاروائی کی امید ہے۔