پٹنہ:اساتذہ کی تقرری میں غیر معمولی تاخیر سے ناراض سینکڑوں بے روزگار بی ٹی ای ٹی اور سی ٹی ای ٹی پاس امیدواروں نے آج دوسرے دن بھی ڈال بنگلہ چوراہا پر زبردست احتجاج و مظاہرہ کیا۔ امیدوار گزشتہ 21 دنوں سے گردنی باغ میں مسلسل دھرنا دے رہے تھے مگر امیدوار کل ڈاک بنگلہ چوراہا پہنچ کر مظاہرہ کرنے لگے، جسے پولس نے روک دیا تھا۔ اس دوران پولیس نے امیدواروں پر لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا بھی استعمال کیا تھا، جس میں کئی امیدوار زخمی بھی ہوئے تھے۔ تاہم نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ امیدوار صبر سے کام لیں، ہم نے نوکری کا وعدہ کیا ہے اور بہت جلد نوکری ملے گی۔ CTET BTET Qualified Candidates Protest
وہیں آج پھر ڈاک بنگلہ چوراہے پر ہزاروں کی تعداد میں امیدوار پہنچے اور ساتویں مرحلے کی اساتذہ کی تقرری کا عمل شروع کرنے اور نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا مطالبہ شروع کر دیا۔ اس احتجاج میں پورے بہار سے امیدوار پہنچے ہیں، بھوجپور سے آئے امیدوار ثقلین خان نے کہا کہ اساتذہ اہلیتی امتحان پاس کئے ہوئے تین سال ہو گئے، مگر تین سالوں میں حکومت نے صرف وعدہ ہی کیا ہے، نئی حکومت بننے کے بعد ہمیں امید تھی کہ جلد بحالی کا عمل شروع ہو جائے گا مگر حکومت میں آنے کے بعد آر جے ڈی کوٹے سے بنے وزیر تعلیم بھی صرف بھروسہ دے رہے ہیں۔ CTET BTET Qualified Candidates Protest