ریاست بہار کے ضلع ارریہ کے صدر ہسپتال میں لمبے عرصے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے ایک عدد سیٹی اسکین کی سہولت فراہم کی گئی ہے، اس کا افتتاح آج صدر ہسپتال کے سول سرجن ڈاکٹر روپ نارائن کمار، ہسپتال مینجمنٹ کے انچارج ڈاکٹر راجیش کمار، ضلع پروگرام آفیسر ڈاکٹر ریحان اشرف نے مشترکہ طور پر کیا۔
اس دوران میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے سول سرجن ڈاکٹر روپ نارائن کمار نے کہا کہ 'ایک لمبے عرصے سے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے سیٹی اسکین کے لئے ریاستی محکمہ صحت سے مطالبہ کیا جا رہا تھا جس کی آج تکمیل ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ 'سیٹی اسکین کے ذریعہ ہم جسم کے اندر کسی بھی طرح کی شدید چوٹ کی نشاندہی آسانی سے کر سکیں گے، اس جانچ سے مریضوں کا علاج کرنے میں ڈاکٹروں کو سہولت ہوگی، اور مریضوں کو باہر کسی دوسرے جگہ مہنگی فیس ادا کرکے سیٹی اسکین کرانے سے نجات ملے گی، سول سرجن نے کہا کہ یہ ہسپتال مریضوں کے علاوہ باہر کے لوگوں کے لئے بھی مددگار ثابت ہوگی۔
ضلع پروگرام آفیسر ڈاکٹر ریحان اشرف نے کہا کہ 'عام طور سے سیٹی اسکین کرانے کے لئے مریضوں کو پرائیویٹ اداروں کو تین سے چار ہزار روپے ادا کرنا پڑتا تھا جبکہ ارریہ صدر ہسپتال میں یہ خدمت بے حد کم قیمت پر مہیا کرائی جا رہی ہے، اس کے لئے مریضوں کو صرف 720 روپے ہی ادا کرنے پڑیں گے، جبکہ زیادہ پیچیدہ سیٹی اسکین کے لئے 2000 روپے جمع کرنے پڑیں گے. یہ بہت معمولی فیس ہے جو ہر طبقہ کے لئے آسان ہے، ایک طرح سے دیکھا جائے تو ہسپتال میں ایکسرے کی قیمت پر سیٹی اسکین کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔مزید پڑھیں:
سیمانچل کی خاص ڈش "بھکا" کا بڑھتا چلن
واضح رہے کہ سیٹی اسکین کے عدم دستیابی کے سبب مریضوں کو مہنگے قیمت پر پرائیویٹ اداروں سے سیٹی اسکین کرانا پڑتا تھا یا پھر پورنیہ جانا پڑتا تھا لیکن ارریہ کے صدر ہسپتال میں سیٹی اسکین کے دستیابی سے اب مریضوں کو پریشانیوں سے جھٹکارا ملے گا۔