بہار کے گیا میں کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ سخت انتظامات کے دوران پہنچ چکی ہے۔ کل سولہ جنوری کو ٹیکہ کاری کا کام شروع کیا جائےگا۔ ساری تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ گیا کے چودہ مقامات پر ٹیکہ کاری کے لیے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
وبائی مرض کورونا سے بچاؤ کے لیے بنی ویکسین سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ گیا کے جے پرکاش نارائن ہسپتال پہنچ چکی ہے۔ کووی شلڈ ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچتے ہی گیا کے لوگوں نے راحت محسوس کیا۔
اطلاعات کے مطابق 'پہلی کھیپ میں 24380 ڈوز پہنچے ہیں جو 16 جنوری کو گیا کے چودہ مقامات پر 19 ہزار سے زیادہ طبی ملازمین کو لگانے کا عمل شروع ہوگا۔'
اس موقع پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے پہنچ کر اپنی موجودگی میں ویکسین کو آئس لین ریفریج ریٹر میں رکھوایا اور وہاں پر موجود ذمہ دران کو کئی ضروری ہدایات دیں۔ ان ہدایات کے مطابق جن کی ڈیوٹی ویکسین اسٹور روم میں ہوتی ہے، وہ نوڈل افسر کی نگرانی میں داخل ہوں گے اور جو بھی ویکسین روم میں داخل ہوگا اس کی تفصیلات رجسٹر میں درج کی جائےگی۔ کسی بھی قسم کی لاپرواہی قابل قبول نہیں ہوگی۔