پٹنہ: کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر مدن موہن جھا کی قیادت میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے جمعہ کو دارالحکومت پٹنہ میں راج بھون تک مارچ کیا۔ تاہم وہاں موجود پولیس نے راج بھون جانے سے پہلے ہی انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس دوران کانگریس کارکنوں نے نعرے لگائے اور الزام لگایا کہ مرکزی حکومت ملک میں مہنگائی سے پریشان لوگوں کے مفادات کو نظر انداز کر رہی ہے۔ Congress protests against inflation
کانگریس کی جانب سے مرکزی حکومت کو عوام دشمن بتاتے ہوئے کہا گیا کہ’ ساتھ تمہارے پولیس کا بل، ہم سچ کے تپ دھاری ہیں اس لئے مہنگائی پر ہلہ بول جاری ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف ایک آواز اٹھی ہے، ناانصافی کے خلاف ایک آواز اٹھی ہے اور آواز اب نہیں دبے گی۔ مہنگائی کی وجہ سے جس طرح ملک کے عوام کو کافی پریشانیوں کا سامنا ہے، کانگریس کا اس کے خلاف ہلہ بول جاری رہے گا۔ اس حوالے سے آج ملک گیر تحریک چلائی گئی ہے۔
راج بھون مارچ میں ریاستی کانگریس صدر مدن موہن جھا، قانون ساز کونسل کے رکن پریم چند مشرا، ایم ایل اے راجیش کمار سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان پولیس نے جھا سمیت کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ تاہم بعد میں پولیس نے سب کو رہا کر دیا۔ Congress protests against inflation