بڑھتی مہنگائی سے جہاں ایک طرف عوام پریشان ہیں، وہیں مخالف پارٹیاں مرکزی حکومت کے خلاف سڑکوں پر اتر کر احتجاج و مظاہرہ کررہی ہیں۔ آج کانگریس ارریہ بلاک کے صدر ظفر الحسن کی سربراہی میں پٹرول، ڈیزل اور گیس کی آسمان چھوتی قیمتوں کے پیش نظر مودی حکومت کے خلاف آشرم روڈ واقع کانگریس کے ضلع دفتر سے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے جلوس نکالا گیا۔ کانگریسی کارکنان تھالی پیٹتے ہوئے، مرکزی حکومت اور مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے سانیہ سیوٹس تک گئے۔
اس موقع پر کانگریس کے ضلع نائب صدر اویس یاسین نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک نیپال کے علاوہ دوسرے ممالک میں تیل کی قیمت ہمارے ہندوستان سے کم ہے، جب کہ یہ تمام پڑوسی ممالک ہمارے ہندوستان سے ہی تیل لیتے ہیں تو پھر کیا وجہ ہے کہ تیل دینے والا ملک اپنے باشندگان ملک کو زیادہ ہی نہیں بلکہ بہت زیادہ قیمتوں میں خریدنے کو مجبور کررہا ہے، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ موجودہ حکومت سرمایہ داروں کی جھولی میں جھولا جھول رہی ہے، اسے ملک کی عوام سے کوئی مطلب نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ارریہ کے لیڈران کا شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار تعزیت