گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں بھی کانگریس کے رہنما وکارکنان متحرک ہو چکے ہیں.ہر دن احتجاج ومظاہرہ ہو رہا ہے۔ آج کانگریس کے ضلع دفتر میں بہار کے سابق وزیر اودھیش سنگھ نے مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جس پارٹی کے سرکردہ لیڈران اور بانیوں نے اپنے خون پسینہ سے ملک کو سنوارا ہے۔ آج اس پارٹی اور اس کے رہنماؤں پر حملہ کیا جارہا ہے۔ کانگریس نے ملک کی آزادی کے لئے قربانیاں پیش کی ہیں لیکن آج اس قربانیوں کو رائیگاں کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اودھیش سنگھ نے سابق صدر کانگریس راہل گاندھی کی رکنیت ختم کرنے کے معاملے کوبی جے پی کی ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس کے والد اور دادی نے ملک کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ آج اس پر انگریزی حکومت کی تملق میں دن رات گزارنے والوں کے نظریات کے حامل افراد حملہ کررہے ہیں۔ یہ افسوسناک ہے۔