ریاست بہار کے ضلع دربھنگہ میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے رہنماؤں اور کارکنان کے اعلان پر سنیچر کو چلچلاتی دھوپ میں ہزاروں کسان مزدوروں نے اے ڈی ایم دربھنگہ اور سرکل آفیسر کی قیادت میں بلڈوزر واقعہ پر کارروائی کرنے، متاثر کنبہ کو معاوضہ کے لیے احتجاج کیا۔ دلت مزدور اوپیندر داس کے قاتلوں کی گرفتاری اور اہل خانہ کو معاوضے دینے کے مطالبہ پر دربھنگہ کلکٹریٹ احاطہ کے پاس مظاہرہ کیا گیا۔ Communist Party Protests Against Bulldozer Operation
اس دوران بغیر کسی تاخیر کے ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ مظاہرین دربھنگہ کلکٹریٹ احاطہ کے سامنے گھنٹوں تک کھڑے رہے، جس کی وجہ سے ٹریفک بھی نظام بھی متاثر رہا، واضح رہے کہ سنیچر کے روز کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے پورے بہار میں بلڈوزر راج کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ اس دوران دربھنگہ میں مظاہرہ کرنے والوں کو خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی ایم لیڈر شیام بھارتی نے کہا کہ جہاں کہیں بھی غریبوں کو نکالنے کی کوشش کی جائے گی اس کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دربھنگہ ضلع کے اے ڈی ایم ببھوتی رنجن جھا بدعنوانی میں ملوث ہیں، سرکل آفیسر اور اے ڈی ایم کی ملی بھگت سے لوگوں کو نکالنے کے لیے بلڈوزر چلا دیا گیا۔ یہ سراسر ناانصافی ہے اس کے خلاف جدوجہد اور تیز کی جائے گی اس کے خلاف پورے ضلع میں تحریک تیز ہو گی۔
اس دوران اجے کمار نے کہا کہ آج دربھنگہ میں سی پی آئی ایم کی قیادت میں تاریخی تحریک چل رہی ہے، یہ تحریک اس لیے تاریخی ہے کیونکہ اتر پردیش میں بلڈوزر کی سیاست شروع ہوئی تھی اور اب بہار میں غریبوں کو نکالنے کے لیے بلڈوزر چلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر نے بہار میں بلڈوزر چلانے کا اعلان کیا اور اس کا آغاز دربھنگہ ضلع میں ہوا ہے۔ دربھنگہ ضلع شہادتوں اور قربانیوں کا ضلع رہا ہے، یہاں کامریڈ وجے کانت ٹھاکر کی قیادت میں بہت سے ساتھیوں نے اس سرزمین پر اپنی شہادتیں دی ہیں۔ آج بھی ہزاروں ایکڑ زمین پر غریبوں کا گھر بنا ہوا ہے، ہم یہاں کی تحریک کو سلام پیش کرتے ہیں۔