گیا:ضلع گیا میں کاشت کاروں سے دھان کی خریداری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ محکمۂ کوآپریٹیو بہار حکومت کی ہدایت کی روشنی میں جمعرات کو خریف موسم 2023-2024 کے تحت پیکس اور ٹریڈ بورڈ کے ذریعہ دھان کی خریداری کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن نے دھان کی خریداریکے سلسلہ کا افتتاح کیا ہے۔ محکمۂ کوآپریٹیو کے ضلع افسر کے ذریعہ بتایا گیا کہ ضلع کے سبھی 24 بلاکوں میں دھان کی خریداری کا کام شروع کیا گیا ہے۔ پیکس صدور اپنے اپنے ماتحت علاقوں میں دھان کی خریداری کریں گے، پہلے دن مانپور کے بھتیجہ گاؤں میں واقع پیکس میں دو کسانوں نے 63 کوئنٹل دھان کو فروخت کیا ہے۔ محکمۂ کوآپریٹیو کے ضلع افسر نکیش کمار کے ذریعہ بتایا گیا کہ دھان کی خریداری حکومت کی ایک اہم اسکیم ہے جس میں کسانوں کو دھان کا مناسب قیمت دے کر اس کی خریداری کی جاتی ہے۔ دھان کی خریداری کا سلسلہ شروع ہونے سے ضلع کے کسانوں میں خوشی کی لہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
خرید میں لاپرواہی کے خلاف کسانوں کا احتجاج
کسانوں سے دھان کی خریداری کے کام میں پیکس کے نمائندے بھی محنت سے لگے ہوئے ہیں۔ جب کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے موقع پر موجود کسانوں سے جانکاری لیتے ہوئے کہا کہ کتنے کسان آج پہلی بار پیکس گدام میں دھان دے رہے ہیں اور کتنے کسان گزشتہ سال بھی اپنا دھان پیکس گودام میں دیا تھا جس پر کسانوں نے تعداد بتانے کے ساتھ اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تو دھان دیتے ہیں لیکن اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اُنہیں قیمت وقت پر ملے، ڈی ایم نے پیکس کے صدور کو ہدایت دی کہ چھوٹے کسانوں پر خصوصی دھیان دیں اور نئے کسانوں کو بھی یہاں دھان فروخت کرنے کے لیے بیدار کریں۔ ساتھ ہی افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنی نگرانی میں دھان کی نمی کو دیکھ کر اور صحیح سے اس کو ناپ کر خریدیں، کسانوں کو کسی بھی حالت میں پریشان نہیں ہونا پڑے اس کو بھی یقینی بنایا جائے۔
ڈی ایم نے بتایا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 16 کمیٹیوں کی جانب سے 26 کسانوں سے 140.15 کوئنٹل دھان کی خریداری کی جاچکی ہے۔ محکمہ کے پورٹل پر کسانوں کو درخواست دینا لازمی ہے اور اب تک 17083 کسانوں نے دھان کی بکری کے لیے پورٹل پر آن لائن درخواست دے دی ہے۔ جس میں 5936 ریت ' بنٹائی پر کاشت کرنے والے' کاشت کار اور 11147 زمین مالک کاشت کار ہیں، جنہوں نے درخواست دی ہے۔ اس برس دھان کی کم از کم خریداری قیمت فی کوئنٹل 2183 ہے۔ جب کہ گریڈ اے کے لیے 2203 روپے فی کوئنٹل مقرر کی گئی ہے۔ واضح ہو کہ ضلع میں کاشت کاروں کی مدد کے لیے ضلع سطح پر نگرانی کمیٹی بھی بنائی گئی ہے جو کسانوں سے صلاح مشورے کے ساتھ ہی اُنہیں سرکاری سینٹر پر دھان فروخت کے لیے بیدار کرے گی، ضلع میں بڑی تعداد مسلم کاشت کاروں کی بھی ہے اور اس برس بڑی تعداد میں مسلم کاشت کاروں نے بھی آن لائن درخواست دی ہے۔