جنتا دل یو نائٹیڈ کے کارکنان آج اپنی پارٹی کے سربراہ اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا 70 واں یوم پیدائش منارہے ہیں۔ پارٹی کی طرف سے اس برس وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا یوم پیدائش "یوم ترقی" کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
وزیراعلی نتیش کمار کی سالگرہ کا جشن منایا گیا
بہار کے ضلع گیا میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا یوم پیدائش، پارٹی کارکنوں کے ذریعے منایا گیا۔ سابق قانون ساز کونسل کے رکن انوج کمار سنگھ نے غریب بچوں کے ساتھ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا 70 واں یوم پیدائش کیک کاٹ کر منایا۔
پارٹی کے قومی صدر آر سی پی سنگھ نے ایک ہدایت جاری کی تھی کہ پارٹی کے رہنما و کارکنان اپنے اپنے بوتھس پر جا کر یوم پیدائش کا جشن مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر منائیں گے۔ اسی سلسلہ میں آج جے ڈی یو کے سینئر رہنما اور سابق رکن قانون ساز کونسل انوج سنگھ گیا کے بودھ گیا میں واقع مٹھیہانی گاؤں میں جا کر بچوں کے ساتھ جشن منایا۔
ان کے ساتھ پارٹی کارکنوں کے علاوہ مقامی افراد شامل تھے۔ انوج سنگھ نے بتایا کہ اس جگہ پر جشن منانے کی وجہ یہ ہے کہ سنہ 2014 میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے یہاں آ کر پودا لگایا تھا چونکہ حکومت کا ایک بڑا منصوبہ 'جل جیون ہریالی' ہے اور اس کے تحت ریاست میں اس منصوبے کو لے کر کروڑوں درخت لگائے جا چکے ہیں تاکہ اپنا بہار سبز و شاداب بنے۔ خاص طور پر مگدھ کمشنری کا علاقہ خشک زدہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور یہاں پر اس منصوبے کے تحت بڑے کام ہوئے ہیں۔ اس لئے پیغام دینے کی کوشش تھی کہ ہریالی کو ہرشخص اپنا مشن سمجھے تا کہ ہماری زندگی بھی ہری بھری ہو اور ماحولیات کو آلودگی سے بچایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار میں بڑے ترقیاتی کاموں کو انجام دیا ہے اور ملکی سطح پر ان کا نام ترقی پسندوں کے نام میں پہلے نمبر پر ہے۔ اس لئے پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ بہار میں اب نتیش کمار کا یوم پیدائش یوم ترقی کے طور پر منائے گی اور اسی کے تحت غریبوں اور ضرورت مندوں کے درمیان نہ صرف مدد پہنچائی جائے گی بلکہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے متعلق بھی معلومات فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا یوم پیدائش پر پارٹی کئی طرح کے پیغامات عام کررہی ہے۔ آج وزیر اعلیٰ نتیش کمار خود ہی کورونا ویکسین لے کر ایک بڑا پیغام دے رہے ہیں۔