پٹنہ: ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں کسان سماگم پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں وزیر اعلی نتیش کمار چار ہزار 700 کسانوں سے خطا ب کیا۔ اس چوتھے زراعتی روڈ میپ پروگرام میں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے باہر سے زراعت سیکھی ہے، جو پروگرام میں اپنی رائے اور تجاویز رکھ رہے ہیں۔ اسی دوران ایک کسان جو کورونا میں بہار واپس آئے اور یہاں زراعت شروع کی، وہ پروگرام میں خطاب کررہے تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کئی مرتبہ انگریزی الفاظ کا استعمال کیا جس کے تھوڑی دیر بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے انگریزی بولتے کسان کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ کیا ہوا تمھیں، اپنے خطاب میں انگریزی الفاظ کیوں استعمال کر رہے ہیں، یہ انگلینڈ نہیں، بہار ہے اور دنیا میں ایک ہی زبان نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ایک بات ہم ذرا کہنا چاہتے ہیں، یہ کیا ہے۔ یہ بہار ہے نا جی۔۔۔ آپ لوگ آپ اپنے خطاب میں صرف انگریزی کے الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں۔ کیا آپ انگلینڈ میں رہ رہے ہیں؟ یہ انگلینڈ نہیں، بہار ہے۔ آپ کو اپنی ریاست اور ملک کی زبان میں بات کرنی چاہیے۔ کسان عام لوگ ہیں جو انگریزی نہیں جانتے ہیں۔ اس لیے آپ انگریزی میں جن الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں، وہ درست نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ کورونا کے بعد سے لوگ موبائل فون کا زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔ سب اپنی پرانی زبان بھول رہے ہیں۔ آپ جو نکات اٹھا رہے ہیں وہ درست ہے، لیکن انگریزی میں اس کا بیان درست نہیں ہے۔ آپ ان لوگوں کی زبان بول رہے ہیں جنھوں نے ہمارے ملک پر حکومت کی ہے۔ اس لیے آپ کو ان نکات پر توجہ دینی چاہیے۔