گیا:بہار کے ضلع گیا میں محکمہ اقلیتی فلاح کے زیر اہتمام چلنے والے شہید عبدالحمید بوائز ہاسٹل اور گرلز ہاسٹل کا چیف سکریٹری عامر سبحانی اور وزیر زماں خان نے جائزہ لیا۔ چیف سیکریٹری نے طلباء و طالبات کو بڑے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاریوں کے حوالہ سے اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔ لڑکیوں کے ہاسٹل کے معائنہ کے دوران وزیر زماں خان اور چیف سکریٹری عامر سبحانی نے بچوں سے کھانے پینے، قیام، کتاب، کھیل کود وغیرہ کے بارے میں مکمل معلومات لی۔
وزیر اور چیف سیکرٹری نے صفائی کے مکمل انتظامات پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کے لیے انہوں نے ضلع اقلیتی فلاح کو مبارک باد پیش کی۔ چیف سکریٹری نے لڑکیوں سے کہا کہ وہ زیادہ محنت کریں۔ لڑکوں کے ہاسٹل کے معائنے کے دوران انہوں نے میس میں جاکر کھانا بناتے ہوئے عمل کو بھی دیکھا۔ واٹر کولر کو کھول کر خود سے چیف سیکریٹری عامر سبحانی نے پانی پیا۔انہوں نے لائبریری میں ایس ایس سی ریلوے بینک سول سرویسس وغیرہ جیسی مقابلہ جاتی امتحانات کی کتابیں رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ کوئی بھی امتحان مشکل نہیں ہوتا، ذہنیت مضبوط رکھیں تو ہر امتحان آسان نظر آئے گا۔ اس محنت سے آپ سب کو پڑھنا چاہیے اور اپنے بہار کا نام روشن کرنا چاہیے۔