سمستی پور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ضلع کے حسن پور تھانہ علاقہ کے بڑگاﺅں میں ایک مندر کی دیوار گرنے سے دو خاتون سمیت تین لوگوں کی موت ہوگئی اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔
روسڑا سب ڈویژنل افسر امن کمار سمن نے بتایا کہ 'بڑگاﺅں واقع ایک مندر کے کنارے تالاب میں لوگ چھٹھ پوجا کررہے تھے تبھی مندر کی دیوار اچانک گرگئی۔ اس واقعہ میں دو خاتون کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ سات دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو حسن پور کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران ایک دیگر کی بھی موت ہوگئی۔ مرنے والوں کی شناخت بڑگاﺅں باشندہ لیلا دیوی (61) بوچی دیوی (60) اور کوکئی یادو (55) کے طورپر کی گئی ہے۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے سمستی پور صدر اسپتال بھیج دی گئی ہے۔'
وہیں ضلع کے گھٹہو پولیس آﺅٹ پوسٹ تھانہ علاقہ کے کجھوری گاﺅں واقع تالاب میں صبح غسل کرنے کے دوران 35 سالہ سنتوش سنگھ کی ڈوب کر موت ہوگئی۔ ضلع کے روسڑا تھانہ کے بھر ہا گاﺅں کے ایک پوکھر میں سنجیو پاسوان (15) کی نہانے کے دوران ڈوب کر موت ہوگئی۔ اسی طرح ضلع کے موہن پور پولیس آﺅٹ پوسٹ علاقہ کے سراری گھاٹ پر گنگا ندی میں ڈوب کر 16 سالہ ابھینندن کمار کی بھی موت ہوگئی۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی گئی ہیں۔
بیگو سرائے سے ملی اطلاع کے مطابق ضلع کے صاحب پور کمال تھانہ علاقہ کے پنچ ویر پنچایت کے نیو جعفر نگر میں ریلوے لائن کے کنارے کچھ لوگ پانی سے بھرے گڈھے چھٹھ کر رہے تھے تبھی گہرے پانی میں ڈوب گئے جس میں دو کی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر کو مقامی لوگوں نے بچالیا۔
ذرائع نے بتایاکہ متوفی کی شناخت نتن کمار اور رویش کمار کے طورپر کی گئی ہے۔ لاشوں کو مقامی لوگوں کی مدد سے پانی سے نکال لیا گیا ہے۔
ایک دیگر واقعہ میں ضلع کے مفصل تھانہ علاقہ کے چلمل ٹولہ چھپکی گاﺅں باشندہ امن کمار (13) چھٹھ کے موقع پر تالاب میں گہرے پانی میں چلے جانے سے اس کی ڈوب کر موت ہوگئی۔ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بیگو سرائے صدر اسپتال بھیج دی گئی ہے۔