گیا: ریاست بہار کے معروف اقلیتی کالج ' مرزا غالب ' میں تعلیم کے معیار پر پوری توجہ دی جارہی ہے یہاں کالج میں اُردو سمیت کل آٹھ مضموں میں پوسٹ گریجویٹ ' پی جی ' کا بھی کورس ہوتا ہے تاہم اب پی جی کی بھی تعلیم کو معیاری بنانے اور ریگولر کلاس کرانے کی کوشش کی گئی ہے ،پی جی کے سبھی مضمون میں داخلہ لینے والے خواہشمند طلباء و طالبات کے لئے اس بار پہلی مرتبہ داخلہ سے قبل داخلہ و اہلیت ٹیسٹ لیا گیا ہے۔
داخلہ ٹیسٹ کے نتائج کے بعد ہی میرٹ لسٹ تیار کی گئی اور اسی کی بنیاد پر داخلہ لینے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ پروفیسر انچارج ڈاکٹر شجاعت علی خان نے بتایا کہ مگدھ خطے کا مرزا غالب کالج واحد کالج ہے جہاں پوسٹ گریجویٹ میں داخلے کے لئے اہلیت ٹیسٹ دینے کی کارروائی کی گئی ہے۔ ہمارا مقصد تعلیم کے معیار میں بہتری پیدا کرنا ہے۔ صرف ڈگری کے لئے کوئی کورس نہ ہو بلکہ طلباء کے مستقبل اور صلاحیت پیدا کرنے کے لیے کورس ہوگا تاکہ یہاں سے پڑھنے والے طالب علم بھی کسی بھی شعبہ میں اپنی تعلیمی صلاحیت اور قابلیت کی بنا پر کامیابی حاصل کریں۔
اُنہوں نے کہا کہ کالج کی اب کوشش ہے کہ ضلع اور اطراف و اکناف کے طلباء وطالبات ان کورسز کے لیے دوسری ریاستوں کا رخ نہیں کریں، بلکہ یہیں اپنے یہاں تعلیم حاصل کریں اور یہ تبھی ممکن ہوگا جب ہم بہترین تعلیم کا انتظام کریں گے اور اسے یقینی بنائیں گے۔ اس سیشن کے لئے کالج کے اساتذہ اور اہلکاروں نے کڑی محنت و مشقت کی ہے اور سبھی کے تعاون بالخصوص گورننگ باڈی کے سکریٹری شبی شمسی کی محنت اور مثبت صلاح و مشورے سے تعلیمی نظام میں تبدیلی کی شروعات کردی گئی ہے۔