پٹنہ: آر جے ڈی کے راجیہ سبھا ممبر منوج جھا نے منگل کو دعویٰ کیا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماوں پر ای ڈی اور سی بی آئی کے چھاپے 22 جنوری تک جاری رہیں گے۔ منوج جھا نے یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مرکزی ایجنسیوں کے ذریعہ اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماوں کو نشانہ بنانا بی جے پی کا ایجنڈا ہے۔
آر جے ڈی کے رہنما نے مزید کہا کہ "ہمیں ای ڈی اور سی بی آئی نے مطلع کیا ہے کہ 22 جنوری تک اپوزیشن لیڈروں کو سمن اور ان پر چھاپے مارے جائیں گے، میں یہ کہہ رہا ہوں اور یہ سچ ثابت ہوگا۔ بہار میں تیجسوی یادو، جھارکھنڈ میں وزیراعلی ہیمنت سورین، مغربی بنگال میں وزیراعلی ممتا بنرجی اور دیگر رہنما، دہلی میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت عام آدمی پارٹی کے دیگر رہنما مرکزی ایجنسیوں کی ٹارگٹ لسٹ میں ہیں۔ ان لیڈروں سے متعلق فائلیں ان مرکزی ایجنسیوں کو بی جے پی ہیڈکوارٹر سے موصول ہو رہی ہیں اور کچھ بھی ہو سکتا ہے"۔
منوج جھا نے مزید کہا کہ "بی جے پی لیڈر 22 جنوری تک مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کریں گے۔ میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ملک کے لوگ انہیں دیکھ رہے ہیں"۔ واضح رہےکہ مودی حکومت پر اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے اکثر وبیشتر مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کے رہنما مودی حکومت پر ایجنسیوں کے ذریعہ اپوزیشن رہنماؤں کو پریشان کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں۔ اور کہا جاتا ہے کہ جو بھی بی جے پی کے خلاف ہوتا ہے اس کے پیچھے مرکزی ایجنسیز کو لگایا دیا جاتا ہے۔ جھارکھنڈ کے وزیراعلی ہیمنٹ سورین کے ایڈوائزر اور ان سے قریبی لوگوں کے ٹھکانوں پر آج یعنی بدھ کے روز ای ڈی کی جانب سے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ہیمنٹ سورین نے الزام عائد کیا کہ ای ڈی اپنے سیاسی آقا کے اشارے پر چھاپے ماررہی ہے۔