گیا:ریاست بہار کے گیا میں ہونے والے میونسپل کارپوریشن کے ضمنی انتخاب میں سابق ڈپٹی میئر کے مدمقابل بہار کیڈر کے آئی اے ایس افسر عارف احسن کے بھائی آصف احسن امیدوار ہیں۔ یہاں وارڈ میں براہ راست مقابلہ ان دونوں کے درمیان مانا جارہاہے حالانکہ یہاں سے ان دونوں کے علاوہ دو اور امیدوار ہیں لیکن آئی اے ایس کے بھائی اور سابق ڈپٹی میئر کی امیدواری وارڈ اور شہر میں موضوع بحث ہے۔ سابق ڈپٹی میئر اکہوری اونکار ناتھ عرف موہن شریواستو بیس برسوں سے میونسپل کارپوریشن میں نمائندگی کررہے ہیں اور وہ مسلسل ڈپٹی میئر کے عہدے پر فائز رہے ہیں تاہم گزشتہ انتخاب میں اپنے روایتی وارڈ 11 میں ایک نوجوان سے وہ شکست کھا گئے تھے جس کی وجہ سے ان کے قریبی دوست اور وارڈ 26 نیوکریم گنج کے کاؤنسلر ابرار احمد نے استعفی پیش کرکے یہاں سے اُنہیں امیدوار بنایا ہے جبکہ آصف احسن کا سیاسی بیک گراؤنڈ نہیں ہے ان کا ایک بھائی عارف احسن بہار کیڈر کا آئی اے ایس ہے اور وہ فی الحال پورنیہ کارپوریشن کے کمشنر ہیں جبکہ ان کے والد سرکاری ٹیچر تھے جو اب سبکدوش ہوچکے ہیں۔ آصف احسن پیشہ سے انجنیئر ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آصف احسن نے کہا کہ انتخاب لڑنا سب کا حق ہے تاہم یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ آپ پر عوام نے اعتماد کیا اور آپکو بلامقابلہ منتخب کیا تاہم اپنے ذاتی مفادات کی خاطر وارڈ سے استعفیٰ پیش کرکے ایک ایسے شخص کو ہم پر مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جسکے تعلق سے متعدد باتیں اور الزمات ہیں۔
انہوں نے وارڈ سے اپنی امیدواری پر کہا کہ وارڈ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اُنہوں نے یہاں سے انتخاب لڑنے کہا فیصلہ کیا ہے۔ وہ آئی اے ایس عارف احسن کے بھائی ہیں یہ حقیقت ہے تاہم وہ سرکاری ملازمت میں ہیں اور ایک بڑے عہدے پر فائز ہیں۔ اس انتخاب سے انکا کوئی واسطہ نہیں ہے۔ ووٹ دینے کا حق سب کو ہے لیکن ان کے بھائی مصروفیت کی بناء پر ووٹنگ میں بھی حصہ لینے نہیں لے پائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ ان کا مقابلہ ایک طاقتور شخص سے ہے لیکن جمہوریت میں عوام کی طاقت سب سے بڑی ہوتی ہے۔ عوام جسے چاہے اس پر اعتماد کرکے کامیاب بنائے ہم یہاں وارڈ کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے عوام سے مل رہے ہیں۔