پٹنہ:بہار کے دار الحکومت پٹنہ میں واقع خدا بخش لائبریری میں 'مذہب دھرم جینے کا سلیقہ' کے موضوع پر ایک علمی مذاکرہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مختلف مذاہب کا گہرا مطالعہ رکھنے والے ڈاکٹر نریش چندر ماتھر نے شرکت کی۔ Academic Discussion Organized in Khuda Baksh Library
افتتاحی گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ بیدار نے کہا کہ مذہب ہر انسان کی زندگی میں بڑی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ جب مذہبی تعلیمات کسی انسان کی زندگی کا حصہ بن جاتی ہیں تو وہ اپنی زندگی کے ساتھ ساتھ سماج اور معاشرہ کو سنوارنے کی فکر میں لگ جاتا ہے۔ شرافت سے جینا کسی بھی مذہب کا بنیادی مقصد ہوتا ہے۔ چنانچہ شرافت والی زندگی جی کر اس دنیا کو جنت بنا سکتے ہیں۔ مذہب جسم اور روح کے رشتے کو پاکیزہ بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ مذہب اور زندگی لازم ملزوم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان دونوں کے خوشگوار آپسی تعلقات کی خوبصورتی کو جانے بغیر شرافت والی زندگی کا تصور ذرا محال سا ہے۔ اسی پہلو کو اجاگر کرنے کے لئے آج علمی مذاکرہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر نریش چندر ماتھر نے کہا کہ زندگی کا مذہب سے اٹوٹ رشتہ ہے۔مذہب ماں باپ کی طرح مہربان ہوتا ہے اور بڑی شفقت سے جینے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔ میرے نزدیک تہذیب و تمدن ہی مذہب ہے۔ہندستان جو مختلف مذاہب کا گہوارہ ہے جسے تہواروں کا ملک بھی کہاجاتا ہے کیونکہ ہر دن کسی نہ کسی مذہب کا تہوار منایا جاتا ہے، انسانیت اور اخلاقیات سارے مذاہب کے بنیادی اصول ہیں۔ بودھ دھرم کو ناستک کا دھرم کہا جاتا ہے کیونکہ وہ خدا کو نہیں مانتے بلکہ جینے کے سلیقہ پر اس کا خاص زور ہوتا ہے۔