بھاگلور:ریاست بہار کے بھاگلپور میں واقع بھیکن پور میں اندیشہ اردو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ڈاکٹر اقبال حسن آزاد مدیر اعزازی ثالث او ر افسانہ نگار محترمہ نشاط پروین کے اعزاز میں ایک نششت کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پرڈاکٹر اقبال حسن آزاد کے مجلہ ثالث کا رسم اجراء بھی عمل میں آیا۔ اس کے بعد ڈاکٹر اقبال حسن آزاد کی ایجاد کردہ صنف ”غزلچہ“ پر ایک مذاکرہ ہوا۔
اس موقع پر اردو رابطہ کمیٹی کے صدر ڈاکٹر شاہد رزمی نے منتخب غزلچے پر اپنی رائے پیش کرتے ہو ئے کہا کہ بہتر ہو تا کہ غزلچے کی جگہ تثلیثی غزل یا مثلثی غزل کانام دیا جاتا۔ اس موقع پر افسانہ نگار نشاط پروین نے اپنے مختصر افسانے پڑھ کر سنائے۔ اندیشہ کے سکریٹری ڈاکٹر ارشد رضا نے فاؤنڈیشن کے اغراض ومقاصد پیش کیے۔