پٹنہ : ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے باپو آدیٹوریم میں خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ نتیش کمار کو این ڈی اے اتحاد نے جتنی عزت اور مقام دیا وہ انہیں کہیں نہیں دیا گیا، 2020 کے انتخابات میں کم سیٹ آنے کے باوجود انہیں وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز کیا گیا، چونکہ ہم نے پہلے ہی کمٹمنٹ کر لیا تھا کہ وزیر اعلیٰ آپ ہی رہیں گے، ہم اپنے وعدے پر قائم رہے لیکن نتیش کمار اپنے وعدے سے مکر گئے اور لالو یادو سے اتحاد کر لیا، نتیش کمار بہار میں پھر سے جنگل راج لانا چاہتے ہیں، ہمارے اتحاد میں جب تک رہے ہم نے انہیں کام کرنے کا پورا موقع دیا، انہوں نے کہا کہ مرکز نے کئی خصوصی منصوبے بہار کو دیئے جسے نتیش کمار نے نافذ نہیں کیا۔
امت شاہ نے نتیش تیجسوی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں، خواب دیکھنا غلط بات نہیں ہے لیکن یہاں دور دور تک اس کی کوئی گنجائش نظر نہیں آتی، لالو یادو پر طنز کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ لالو یادو نے جتنے گھوٹالے کئے ہیں پہلے وہ اپنا حساب پورا کریں، انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد والی حکومت سے بہار کی بھلائی نہیں ہو سکتی۔ اس لئے 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو مکمل اکثریت سے کامیاب کریں اور حکومت بنائے۔ اس لیے ہم 2024 میں بی جے پی کو جیت دلائیں گے اور بہار سے جنگل راج والے اقتدار کو ختم کریں گے۔