پٹنہ: ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں سی ایم نتیش کمار کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ ہونے جا رہی ہے۔ تمام غیر این ڈی اے پارٹیاں پٹنہ میں جمع ہو رہی ہیں۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی بھی کچھ دیر میں پٹنہ پہنچیں گے۔ اس دوران بی جے پی کو اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ کو لے کر جارحانہ انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔ پٹنہ میں بی جے پی کے دفتر کے باہر راہل گاندھی پر پوسٹر کے ذریعہ نشانہ بنایا گیا ہے۔
پوسٹر کے ذریعے بی جے پی یہ دکھانے کی کوشش کر رہی ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ میں اگر کسی پارٹی کو سمجھوتہ کرنا پڑے گا تو وہ کانگریس ہی ہوگی، کیونکہ اجلاس میں کانگریس کو وہ سیٹ چھوڑنے کے لیے کہا جا سکتا ہے جہاں سے علاقائی پارٹیوں کا غلبہ ہے۔ اس پر طنز کرتے ہوئے بی جے پی نے فلم دیوداس کے مشہور ڈائیلاگ کو ایڈٹ کرکے چسپاں کیا ہے۔ جس میں لکھا ہے کہ ممتا دیدی نے کہا بنگال چھوڑ دو۔۔۔۔ کیجریوال نے کہا دہلی اور پنجاب چھوڑ دو۔۔۔ لالو اور نتیش نے کہا بہار چھوڑ دو۔۔۔۔ اکھلیش نے کہا اتر پردیش چھوڑ دو۔۔۔۔ اسٹالن نے کہا تمل ناڈو چھوڑ دو۔۔۔۔۔ وہ دن دور نہیں جب سب مل کر کہیں گے کانگریسی (راہل) )سیاست چھوڑ دو۔