پٹنہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک کو تباہ کن صورتحال سے بچانے کے لیے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ہرانا ہوگا۔
پٹنہ میں اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ میں شرکت کے لیے جمعرات کو جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ایئر پورٹ پر پہنچنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بنرجی نے کہا کہ یہ میٹنگ تعمیری اور مثبت رویہ کے ساتھ منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تباہ کن صورتحال سے بچانے کے لئے بی جے پی کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں شکست دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کے حصول کے لیے اپوزیشن جماعتیں بھرپور یکجہتی کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں گی۔
کانگریس کے ساتھ اختلافات سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کل ہونے والی میٹنگ میں تمام مسائل پر تبادلہ خیال اور حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں جو بھی پالیسی فیصلہ کیا جائے گا وہ سب پر لاگو اور پابند ہوگا۔
ایئر پورٹ سے، مسز بنرجی بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو کی رہائش گاہ پر پہنچیں، جہاں انہوں نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سپریمو لالو پرساد یادو سے ملاقات کی۔ وہ تقریباً ایک گھنٹہ وہاں رہیں اور اہم سیاسی امور اور کل کے اجلاس کے پیش نظر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔