گیا:ریاست بہار کے گیا ضلع میں کمیونیسٹ پارٹی کی جانب سے کارل مارکس کے جنم دن کے موقع پر مارکس جینتی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت معروف ادیب ارون ہرلیوال نے کی۔ مصنف شانڈیلیا سوربھ نے مارکس کو یاد کرتے ہوئے ملک اور دنیا کے موجودہ حالات پر بحث کی اور مارکسزم کو لوگوں کی حقیقی آزادی کا واحد راستہ بتایا۔
پرویز عالم نے کہا کہ مارکس نے زندگی اور دنیا کو دیکھنے کے لئے بالکل نیا اور سائنسی وژن دیا تھا۔ آج سرمایہ داری فطرت، زندگی اور محنت کش عوام کے خلاف اپنی انتہائی سفاک شکل میں ہمارے سامنے ہے۔ پوری تاریخ میں کمیونسٹ تحریک نے سامراج اور نسل پرستی کے خلاف اہم لڑائیاں لڑی ہیں۔ آج کی حکمران محنت کش اور جدوجہد کرنے والے لوگوں کے اتحاد کو توڑنے کے لئے ذات برادری اور مذہب کے گھناؤنے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے۔ ایسے میں بائیں بازو کی تنظیموں کو متحد ہو کر عوامی مسائل پر جدوجہد کو تیز کرنا ہو گا۔ دانشوروں کو چاہیے کہ وہ عوام سے رابطہ کرتے وقت عوام کے الفاظ کا استعمال کریں۔