بہار کے گیا میں یونیسف کی بہار ہیڈ نفیسہ بنت شفیق نے ڈاکٹرز اور آنگن واڑی کارکنان سے محکمہ ہیلتھ کے کاموں کا جائزہ لیا اور خاص طورپر کورونا وبا کی ٹیکہ کاری مہم کے متعلق معلومات حاصل کیں۔
دراصل بہار کے ضلع گیا میں بہار کی ہیڈ (سی ایف او، یونیسف) نفیسہ بنت شفیق دو روزہ دورہ پر ہیں۔ انہوں نے جمعہ کے روز شیرگھاٹی کے جنوبی کھاپ اور اچیریاواں گاؤں میں صحت کے کاموں کا جائزہ لیا۔ ساتھ ہی کھاپ گاؤں کے آنگن واڑی مرکز میں ویکسینیشن کے کاموں کا بھی جائزہ لیا کہ کس طرح سے ویکسینیشن کا کام ہو رہا ہے۔
یہاں پنڈال میں موجود مستفدین سے بات چیت کی اور صحت کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس کے علاوہ ٹیم نے صحت مرکز پر حاملہ خاتون کی صحت کولیکر ملنے والی سہولت اور ان کی دیکھ بھال، قبل از وقت چیک اپ کے بارے میں اے این ایم سے پوچھ گچھ بھی کی۔
وہیں اس سے قبل یونیسف بہار ہیڈ نے اچیریاواں گاؤں کے آنگن واڑی مرکز میں منعقدہ ماتا میٹنگ، نیوٹریشن مہم، پی آر آئی میٹنگ اور بیداری پروگرام کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے ہائی اور مڈل اسکول کا بھی دورہ کیا۔ ہائی اسکول میں موجود اساتذہ سے اسمارٹ کلاس روم، انیمیا کنٹرول پروگرام، نل کا پانی کے تحت سہولت، غذائیت اور بچوں کے لئے دوستانہ ہینڈ واش پوائنٹ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اس کے بعد انہوں نے سب ڈویژنل ہسپتال شیرگھاٹی میں ایم این سی یو کا دورہ کیا۔ ہسپتال کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجندر کمار سنگھ نے ہسپتال کی سہولت سے متعلق جانکاری فراہم کی۔
اس موقع پر آئی سی ڈی ایس کے ڈی پی او کوشلیہ شرما، ڈاکٹر ایس ایس ریڈی، یونیسف کے ڈاکٹر طارق، ایس ایم سی اجے کیروب، آر آئی کنسلٹنٹ منوج کمار راؤ، ڈویژنل نیوٹریشن کنسلٹنٹ آشوتوش کمار، بی ایم سی شاہد اقبال، شہود عالم، نیرج کمار امبشٹھ اور مکیش کمار موجود تھے۔