گیا: ریاست بہار کے گیا ہوائی اڈہ سے عازمین حج کا تیسرا قافلہ بھی تلبیہ کی صداؤں کے ساتھ سوئے حرم روانہ ہوا۔ تیسرے قافلے کی پرواز پانچ بجے ہوئی۔ اس قافلے میں 144 عازمین تھے جس میں سو مرد اور 44 خواتین تھیں یہاں حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کے طعام وقیام کا انتظام ہے۔ رضاکاروں نے عازمین حج کو بڑے احترام کے ساتھ کھانا کھلایا اور پھر کچھ دیر آرام کے بعد بورڈنگ پاس دینے کا سلسلہ شروع ہوا۔ تیسرے قافلہ میں گیا ضلع کے 22 عازمین حج تھے جس کی وجہ سے عازمین حج کے رشتے دار دوست و احباب کی بڑی تعداد اُنہیں رخصت کرنے پہنچے تھی۔
تیسرے دن بھی عازمین حج نے ضلع انتظامیہ ،ایئرپورٹ اتھارٹی کی خوب ستائش کی اور کہا کہ اس بار مزید بہتر انتظامات ہیں۔بہار شریف کے ایک عازم محمد صابر نے گیا ہوائی اڈہ پر انتظامات کے حوالہ سے کہا کہ وہ اس سے پہلے بھی یہاں ايام پرواز کے دوران آچکے ہیں۔ پہلے بھی انتظام بہتر ہوتا تھا لیکن اس مرتبہ مزید بہتر ہے افسران و ضلع انتظامیہ کے اہلکاروں سمیت گیا کے رضاکاروں کی جماعت خدمت میں مصروف ہے ۔اللہ انکی خدمت کو قبول فرمائے اور اس کا اجر و ثواب عطا فرمائے ، کھانا بھی بہت ہی عمدہ اور لذیذ تھا۔