پٹنہ: رہاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں آل انڈیا نیشنل کانگریس کے 138 ویں تاسیس کے موقع پر ریاستی پارٹی دفتر صداقت آشرم میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ کانگریس کے سینئر رہنما اور جنرل سکریٹری طارق انور نے بی جے پی جی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں موجودہ حکومت نے ملک میں صرف نفرت اور لوگوں کو تقسیم کرنے کی سیاست کی ہے۔ آج ملک کس طرف جا رہا ہے اس سے موجودہ حکومت کو کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ مذہب، لباس دیکھ کر فسطائی طاقتیں حملہ کر رہی ہیں مگر حکومت خاموش نظر آتی ہے۔ Bihar Pradesh Congress Celebrate 138 Foundation Day Of Congress In Patna
انہوں نے کہا کہ عصمت دری کے ملزمین کو پھولوں کا ہار پہنا کر استقبال کیا جاتا ہے۔ ہمارا ملک مختلف پھولوں کا ایک باغیچہ ہے۔ آج اس باغ میں صرف ایک پھول کھلانے کی بات ہو رہی ہے، پھر ہمارا ملک دوسرے ممالک سے منفرد کیسے رہ پائے گا۔ اسی لئے آج راہل گاندھی پورے ملک میں بھارت جوڑو یاترا کے تحت پیدل مارچ کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو آپس میں جوڑا جا سکے۔ بہار پردیش کانگریس کے صدر اکھلیش کمار سنگھ نے کہا کہ آئندہ پانچ جنوری کو بہار کے چمپارن سے بھارت جوڑو مہم کا آغاز کیا جائے گا جس میں پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایسی ٹھنڈ میں راہل گاندھی ہاف ٹی شرٹ پہن کر پیدل مارچ کر رہے ہیں تو ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم بھی اس مہم کے قدم سے قدم ملا کر پورے بھارت کو گرما دیں۔