بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے چیئرمین عبد القیوم انصاری کے ذریعہ ان دنوں ریاست کے مختلف اضلاع میں کووڈ ویکسین بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔ اسی ضمن میں چئیرمین عبد القیوم انصاری آج اپنے قافلہ کے ساتھ ارریہ کے سرکٹ ہاؤس پہنچے، جہاں مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ کے پرنسپل مولانا شاہد عادل قاسمی ، مفتی انعام الباری قاسمی ، مفتی اطہر القاسمی ،عبد القدوس، مہتاب عالم وغیرہ نے چئیرمین کا گلدستہ و شال پہنا کر استقبال کیا.
چئیرمین عبد القیوم انصاری نے مدارس کے اساتذہ کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا ہدف ہے کہ چھ مہینے میں چھ کروڑ لوگوں کو ویکسین کا ڈوز دینا ہے، اس ہدف کو پورا کرنے کے لیے ریاست بھر میں گھوم رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کے حوالے سے کچھ لوگوں میں غلط افواہیں پھیلائی گئی ہے، اس افواہ کو دور کرنے کی کوشش ہے، حالانکہ دانشوروں کا ایک بڑا طبقہ ویکسین کی اہمیت کو سمجھ رہا ہے اور اپنے اہل و عیال کے ساتھ ویکسین کے ٹیکے بھی لے رہے ہیں مگر انہیں میں سے کچھ لوگوں کو ورغلانے کی کوشش کی جا رہی ہے جسے بیدار کیا جائے گا۔