بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو سمیت دیگر پارٹی کے رہنما، جو ملک میں ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے مطالبہ کررہے ہیں، کے وفد نے آج وزیراعظم سے اس سلسلے میں ملاقات کی۔ جس کے بعد وفد پُرامید ہے کہ مرکزی حکومت کا فیصلہ ان کے حق میں آئے گا۔
نتیش کمار کی قیادت میں اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو سمیت 10 سیاسی جماعتوں کے قائدین نے پیر کو ساؤتھ بلاک میں وزیر اعظم آفس میں مودی سے ملاقات کی۔
اس کے بعد کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وفد نے وزیراعظم سے ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کے حق میں تفصیل سے بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے بھی ہر ایک کی بات بہت غور سے سنی۔ اس کے بعد ان کا کیا فیصلہ ہوتا ہے اس کا انتظار کیا جائے گا، لیکن انہوں نے ابھی تک اس سے انکار نہیں کیا۔