ریاست بہار کے وزیر صنعت سید شاہنواز حسین نے آج کہا کہ کھادی میں زیادہ سے زیادہ روزگار پیدا کرنے کیلئے جلد ہی کھادی پالیسی کے ساتھ ہی ایک ایسی ویب سائٹ بنائی جائے گی جس کے توسط سے ریاست کے سبھی کھادی ادارے کپڑے اور دیگر گرام ادیوگ مصنوعات کو آسانی سے فروخت کرسکیں گے ۔
مسٹر حسین نے جمعرات کو ریاست کی تمام کھادی کمیٹیوں اور گرام ادیوگ اداروں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھادی گرام ادیوگ کو فروغ دے کر اس میں زیادہ سے زیادہ روزگار پیدا کرنے کیلئے جلد ہی پالیسی بنے گی۔ ریاست کی کھادی پالیسی سبھی کھادی کمیٹیوں کے مشورے طلب کر کے بنائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک و بیرون ملک میں کھادی کپڑوں کی حوصلہ افزائی کیلئے حکومت کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔